چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق کو ایک اور اہم ذمہ داری مل گئی

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کے فیصلے کا اختیار بھی ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کے سپرد کر دیا گیا۔ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے گرانٹ بریڈ برن ستمبر 2018 سے پاکستان ٹیم کے فیلڈنگ کوچ تھے جن کی ہائی پرفارمنس سینٹر میں تعیناتی کی

وجہ سے فیلڈنگ کوچ کا عہدہ خالی ہوگیا ہے۔ نئے فیلڈنگ کوچ کی تقرری کے تمام معاملات مصباح الحق دیکھیں گے اور وہ ہی فیصلہ کریں گے کہ فیلڈنگ کوچ ملکی ہوگا یا غیر ملکی ؟ یا پھر کوئی اکیڈمی کوچ ہی فیلڈنگ کے معاملات دیکھے۔ ذرائع کے مطابق مصباح الحق کی جانب سے اکیڈمی کوچ کو سپورٹنگ اسٹاف میں شامل کرنے کا فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے۔ فیلڈنگ کوچ عبدالمجید کو سپورٹنگ اسٹاف میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ قومی کرکٹرز کی ٹریننگ کا طریقہ کار وضع کرنے کیلیے ہیڈکوچ و چیف سیلکٹر مصباح الحق اور پی سی بی حکام کی مشاورت جاری ہے۔ دورہ انگلینڈ کیلیے 25 سے 27 کھلاڑیوں کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے، سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز کیساتھ ایمرجنگ کیٹیگری کے تینوں کھلاڑی بھی شامل ہوں گے، تینوں فارمیٹ کے حالیہ اسکواڈزکا حصہ رہنے والے کرکٹرزکوبھی کیمپ میں بلایاجائے گا، تربیتی کیمپ 7جون سے شروع ہوگا۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق، پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم اور دیگر متعلقہ حکام یہ جائزہ لے رہے ہیں کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بائیو سیکیور ماحول میں کتنے کھلاڑیوں کو رکھنامناسب ہوگا،رہائشی سہولیات ناکافی ہونے پر متبادل انتظام کیا ہوگا۔یاد رہے کہ منتخب کرکٹرز کو جولائی کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ روانگی سے قبل لاہور میں قرنطینہ ٹریننگ کرنا ہے جس کیلیے تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں۔

Sharing is caring!

Comments are closed.