سندھ اسمبلی میں محمدﷺ کے نام کیساتھ خاتم النبیین لگانے سے متعلق قرارداد پیش کردی گئی

کراچی (ویب ڈیسک) حضرت محمدﷺ کےنام کے ساتھ خاتم النبیین لگانے سے متعلق قرار داد سندھ اسمبلی میں پیش کر دی گئی۔ ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی محمد حسین نے اسمبلی میں قرارداد پیش کی۔ قرارداد کے مطابق حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آخری نبی ہیں،

ان کا نام آئے تو اس کے ساتھ خاتم النبیین ضروری طور پر لکھا اور پڑھا جائے۔ صوبائی وزیراطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے قرارداد کی تائید کی جب کہ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے بھی قرار داد پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد کی حمایت کرتا ہوں۔ خیال رہے کہ چند روز قبل پنجاب اسمبلی میں بھی ایک قرارداد منظور کی گئی تھی جس کے مطابق صوبے سے ایسی کتابوں کی اشاعت پر پوری پابندی عائد کی جائے گی جس میں حضرت محمد ﷺ اور صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کی گئی ہو۔ اس سے قبل پنجاب اسمبلی نے حضور اکرم ﷺ،اُم المومنین حضرت عائشہ صدیقہؓ، حضرت عثمان غنیؓ اور حضرت علیؓ کی شان اقدس کے خلاف لکھی جانے والی تین کتابوں پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے اسمبلی میں قرارداد پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ باعث ندامت ہے کہ اس سرزمین پر ایسی کتب بھی موجود ہیں جن میں لکھا گیا مواد برداشت کرنا کسی مسلمان کیلئے ممکن نہیں۔ قرار داد کے متن کے مطابق یہ ایوان حکم دیتا ہے کہ متعلقہ محکمہ تینوں کتب پر فوری پابندی عائد کرے اورمارکیٹ میں موجود تمام کاپیوں کو ضبط کرکے اسی اجلاس میں اگلے جمعے تک نوٹیفکیشن پیش کرے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے بعد ایوان نے بازاروں میں موجود تینوں کتابوں کو ضبط کرنے اور نوٹیفکیشن ایوان میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *