حکومت کا مویشی منڈیوں کی اجازت دینے کا فیصلہ

کراچی (وہب ڈیسک) حکومت سندھ نے صوبے بھر میں مویشی منڈیوں میں کاروبار کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سندھ کے تمام اضلاع میں بکرا، گائے منڈیوں میں خرید وفروخت کی اجازت دی جائے گی۔ محکمہ بلدیات سندھ کے اعلامیے کے مطابق محکمے نے مویشی منڈیوں کیلیے ایس اوپیز تیار

کرلیے ہیں جن کے مطابق تمام ٹاؤن، میونسپل کمیٹیز،ڈسٹرکٹ کونسلز اور میونسپل کارپوریشنز کی حدود میں مویشی منڈیوں میں کاروبار کی اجازت ہوگی۔ ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ مویشی منڈی میں خریداروں کیلیے الگ لین مختص کی جائے۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں لاک ڈاؤن 30 جون تک بڑھادیا اور اس حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک کو متاثر کیا ہے اور وبا کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ محکمہ داخلہ کے مطابق حکومت سندھ وبا کی روک تھام کے لیے وقتاً فوقتاً ہدایات جاری کرتی رہتی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے از خود نوٹس میں کورونا کے حوالے سے ملک بھر میں یکساں پالیسی بنانے کا حکم دیا تھا۔ اعلامیے کے مطابق آج یکم جون کو ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کے اجلاس میں کوویڈ 19 ایمرجنسی لاک ڈاؤن کے دوران معاشی سرگرمیاں ضابطہ کار(ایس او پیز) پر عمل درآمد کے ساتھ جاری رکھنے سے متعلق تفصیلی غور وفکر کیا گیا۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں حکومت سندھ نے فیصلہ کیاہے کہ تمام تعلیمی و تربیتی ادارے، شادی ہالز ،بزنس سینٹر اور ایکسپو ہالز بدستور بند رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کھیلوں کی تمام سرگرمیاں ان ڈور اور آؤٹ ڈور اسپورٹس سمیت جِم اور کلبس بھی بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ ہر قسم کے ریسٹورنٹ اور کیفے بند رہیں گے تاہم خرید کر گھر لے جانے اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی جب کہ سیاحوں کے لیے ہوٹلز بھی بند رہیں گے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق تمام تفریحی مقامات ، پارکس،سنیما اور تھیٹر بند رہیں گے جب کہ بیوٹی پارلرز کو بھی کھولنے کی اجازت نہیں ہے۔ اعلامیے کے مطابق صوبے میں ہر قسم کے اجتماعات، جلوس، مزارات پر کسی بھی تقریب پر تا حکم ثانی پابندی ہوگی۔

Sharing is caring!

Comments are closed.