کراچی (نیوز ڈیسک ) بلاول بھٹو نے بہن بختاور کی شادی میں مولانا فضل الرحمان کو دعوت نہ دینے کی وجہ بتا دی۔
تفصیلات کے مطابق آصف زرداری کی صاحبزادی اور بلاول بھٹو کی بہن بختاور بھٹو کی شادی حکومت مخالف پی ڈی ایم تحریک کے اندرونی اختلافات عیاں کرنے کا باعث بن گئی ہے۔
زرداری خاندان کی جانب سے بختاور بھٹو کی شادی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو تو شرکت کی دعوت دی گئی، لیکن حکومت مخالف پی ڈی ایم اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو دعوت نامہ نہ بھجوایا گیا۔
اس حوالے سے اب بختاور بھٹو زرداری کے بھائی بلاول بھٹو نے وضاحت کی ہے۔ بلاول کا کہنا ہے کہ کرونا خدشات کی وجہ سے بہت سے معزز مہمانوں کو شادی کی تقریب میں شرکت کی دعوت دینے سے قاصر رہے۔
دوسری جانب مریم نواز کے حوالے سے معلوم ہوا کہ وہ بھی بختاور بھٹو کی شادی میں شرکت نہیں کریں گی۔ بدھ کے روز پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔