لاہور (ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کی طرف سے دورہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے لیے منتخب کیے گئے کھلاڑیوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔دنیا نیوز کے مطابق دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے چیف سلیکٹر محمد وسیم کی جانب سے ٹیم کے اعلان کے بعد کپتان بابر اعظم نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔سلیکشن کمیٹی کی جانب سے جن کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اس پر بابر اعظم نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ میں ڈمی کپتان نہیں بنوں گا ، اگر مجھے کپتانی کی ذمہ داری دی گئی ہے تو کھلاڑیوں کو پک کرنے کی بھی اجازت ملنی چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق بابر اعظم چاہتے ہیں کہ ون ڈے سکواڈ میں آل راونڈر حارث سہیل کو شامل کیا جائے لیکن ٹیم سلیکشن کمیٹی نے ان کی اس رائے کو مسترد کر دیا۔ بابر اعظم نے ٹیسٹ سکواڈ میں یاسر شاہ کو شامل نہ کیے جانے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے، چیف سلیکٹر محمد وسیم کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے یاسر شاہ کو ٹیم میں شامل کیے جانے پر زور دیا تھا۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے چیف سلیکٹر محمد وسیم سے متعدد بار رابطہ کیا تاہم ان سے رابطہ نہ ہو سکا اور ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔